سید علی گیلانی کی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کی محبت میں گزری،مقررین

سیدعلی گیلانی نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے جو بیش با خدمات سرانجام دی ہیں وہ تاریخ کا سنہری باب ہیں

جمعہ 1 ستمبر 2023 15:04

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2023ء) تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز راہنما سابق چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی کی دوسری برسی کی سرکاری تقریب گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کلیال شہرو میں منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری نثار احمد،اساتذہ کرام اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر حریت راہنما سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

سکول کے طلبا نے مختلف پروگرام پیش کیے جس میں سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری محمد نثار احمد اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حریت راہنما سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے وہ عظیم لیڈر تھے جن کی آواز پر پوری ریاست کے لوگ لبیک کہتے تھے ان کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں،پاکستان ہمارا ہے،پوری ریاست سمیت اس کی گونج دنیا بھر کے ایوانوں میں گونج رہی ہے جس کے باعث پاکستانی عوام اور کشمیریوں کی تحریک آزادی میں نیا جوش و ولولہ جہاں پیدا ہوا ہے وہاں پاکستان سے کشمیریوں کی محبت کا کھل کر اظہا ر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی کی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کی محبت میں گزری انھوں نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے جو بیش با خدمات سرانجام دی ہیں وہ تاریخ کا سنہری باب ہیں جنھیں کشمیری کبھی نہیں بھولیں گے۔انھیں تحریک آزادی کشمیر کی لازوال خدمات پر جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔