کاشتکاروں کو کپاس کی فصل پر ملی بگ وڈسکی کاٹن بگ کے تدارک کیلئے مناسب زرعی زہروں کے سپرے کا مشورہ

جمعہ 22 ستمبر 2023 12:57

کاشتکاروں کو کپاس کی فصل پر ملی بگ وڈسکی کاٹن بگ کے تدارک کیلئے مناسب ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2023ء) کاشتکار کپاس کی فصل پر ملی بگ اور ڈسکی کاٹن بگ کے حملہ کی صورت میں ان کے تدارک کیلئے زرعی ماہرین اورمحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب زرعی زہروں کا سپرے کریں جبکہ پیسٹ سکاؤٹنگ بھی ہفتہ میں دو بار جاری رکھی جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد ڈاکٹر عامر رسول نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ کپاس کی فصل پر ملی بگ کا حملہ ابتدائی طور پر چند پودوں سے شروع ہوتا ہے اسلئے متاثرہ پودوں کا تعین کر کے ان پر ہفتہ میں دو بار سپرے کریں اور ان کا بغور معائنہ کرتے رہیں نیزمتاثرہ کھیتوں میں پانی کی کمی بھی نہ آنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی زہروں کی فی ایکڑ سفارش کردہ مقدار 120لیٹر پانی میں ملا کر متاثرہ پودوں پر اوپر سے نیچے تک اچھی طرح سپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ ملی بگ کے مؤثر تدارک کیلئے کپاس کے کھیتوں اور کھالوں سے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید رہنمائی و معلومات کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔