وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِصدارت سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام اور گندم خریداری پلان بارے اجلاس،مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا

پیر 5 مئی 2025 22:29

وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِصدارت   سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت زراعت ہاوس لاہور میں وزیر اعلی پنجاب سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز کے پروگرام بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری برائے محکمہ انرجی پنجاب ڈاکٹر نعیم و دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب میں8 ہزار بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کاشتکاروں کے ڈیزل پر اٹھنے والے اخراجات اور بجلی کے بلوں میں کمی واقع ہو سکے۔سولرائزیشن آف ایگریکلچر ٹیوب ویلز پروگرام حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کو کاشتکاروں کی سہولیات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ کاشتکاروں کو مناسب قیمت پر سولرائزیشن کی سہولت میسر آ سکے۔حکومت پنجاب اس پروگرام کے تحت منعقدہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے کسانوں کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلہ میں محکمہ زراعت پنجاب کی خصوصی ٹیمیں سائٹ پری انسپکشن کریں گی۔

بعد ازاں محکمہ توانائی کے کنسلٹنٹس کے ذریعے سولر پینلز و دیگر میٹریل کی انسٹالیشن بارے تھرڈ پارٹی کے ذریعے تصدیق کرائی جائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے تمام پراسیس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ میں گندم خریداری پلان پرزراعت ہاس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری پرائس کنٹرول محمد اجمل بھٹی شریک ہوئے جبکہ معاون خصوصی پرائے پرائس کنٹرول سلمی بٹ بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئیں۔

اجلاس میں وزیر زراعت پنجاب نے سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ سے حالیہ پالیسی برائے گندم خریداری بارے بریفنگ لی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر کسانوں کو گندم کی فصل کے بہترین نرخ دلوانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدمات کے تحت گندم کے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے ای ڈبلیو آر سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے اور اس کے علاوہ گندم کے کاشتکاروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے 5 ہزار روپے فی ایکڑ سپورٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور کاشتکاروں سے فوری گندم خریداری کیلئے فلور ملز اور گرین لائسنس ہولڈرز کے لئے100 ارب روپے کی کریڈٹ لائن بھی ایکٹویٹ کر دی گئی ہے۔