دنیال اعجاز پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پرعزم

ہفتہ 23 ستمبر 2023 11:59

دنیال اعجاز پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پرعزم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) ٹین پن بائولنگ کےتین بار کے چیمپئن اعجاز الرحمان کے صاحبزادے دنیال اعجاز پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پر عزم ہیں۔ 17 سالہ دنیال اعجاز نے اسلام آباد میں تین سو پوائنٹس بنا کر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے قبل کوئی بھی کھلاڑی آج تک تین سو پوائنٹس نہیں بنا سکا۔

پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 24 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہو گی۔ دنیال اعجاز نے کہا کہ وہ پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پور عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں بھر پور محنت کر رہا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ ایک سوال کےجواب میں انہوں نےکہاکہ ملک میں ٹین پن باؤلنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس ٹیلنٹ کو وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 24 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہو گی۔ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔ آٹھ کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں اوپن سنگلز، ایمچور، لیڈیز، انڈر 22، سینئر، میڈیا، ڈبلز اور مکس ٹیم شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی اپنے ناموں کی رجسٹریشن 10 اکتوبر سے 20 اکتوبر تک کروا سکتے ہیں۔ چیمپئن شپ 29 اکتوبر تک جاری رہےگی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔