جنوبی کوریا کے اپوزیشن لیڈر نے 24 روزہ بھوک ہڑتال ختم کر دی

ہفتہ 23 ستمبر 2023 13:53

سیول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) جنوبی کوریا کے اپوزیشن لیڈر نے ہفتے کے روز 24 روزہ بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے ۔ملائشین نشریاتی ادارے کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی آف کوریا کے ایک ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈیموکریٹک پارٹی آف کوریا کے رہنما لی جائی میونگ نے 24روزہ بھوک ہڑتا ل ختم کر دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جائی میونگ فی الحال ہسپتال میں داخل ہیں تاہم وہ عدالت میں حاضری کا شیڈول برقرار رکھیں گے۔

(جاری ہے)

لی جائی میونگ کو رواں ماہ ایک ترقیاتی منصوبے سے متعلق رشوت ستانی کے الزامات کی تحقیقات میں طلب کیا گیا تھااستغاثہ نے لی پر الزام لگایا کہ بطور صوبہ گیونگگی کے گورنر انہوں نے ایک کمپنی کو غیر قانونی طور پر 8 ملین امریکی ڈالر شمالی کوریا کو منتقل کرنے کے لیے کہا تھا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ لی نے 31 اگست کو حکومت کی معاشی بدانتظامی، میڈیا کی آزادی کو لاحق خطرات اور جاپان کی جانب سے تباہ شدہ فوکوشیما ایٹمی پلانٹ سے گندے پانی کے اخراج کی مخالفت کرنے میں ناکامی سمیت دیگر وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنا احتجاج شروع کیا تھا ۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں پارلیمانی انتخابات آئندہ سال اپریل میں ہونے ہیں۔