معاون خصوصی جواد سہراب ملک کی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز وفدسے ملاقات،وزارت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

ہفتہ 23 ستمبر 2023 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) وزیراعظم کی افرادی قوت کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے ہدایات کے پیش نظر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے ہفتہ کو اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ( او ای پی )کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کے سرکردہ پروموٹرز موجود تھے۔ملاقات کے دوران نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دیگر عہدیداران بھی شریک تھے جن کی جانب سے شرکاکوبیرون ملک ملازمت کیلئے اہل ہنر مند افراد کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے ملاقات کے دوران افرادی قوت کی برآمدات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء سے اس سلسلے میں تجاویز بھی طلب کیں۔انہوں نے او ای پی کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز ان سے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔ملاقات کے دوران پروموٹرز نے افرادی قوت کے حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی تجویز دی۔ معاون خصوصی نے تمام مسائل کے حل کے یقین دہانی کرائی۔ ساتھ ہی او ای پی اور نیوٹیک کو باہمی اشتراک سے افرادی قوت کی برآمدات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔