قائداعظم ٹرافی ،ملتان اور لاہورریجن،لاہوربلیوز اور فیصل آبادریجن،کراچی وائٹس اور فاٹا کے درمیان میچز ڈرا

پیر 25 ستمبر 2023 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2023ء) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں تین میچز ڈرا ہوگئے۔ آخری دن کے کھیل کی خاص بات لاہور ریجن وائٹس کے عابدعلی کی ناقابل شکست سنچری تھی جو ان کی 27 ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔پی سی بی کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان ریجن اور لاہور ریجن وائٹس کے درمیان میچ کے چوتھے اور آخری دن ملتان نے اپنی پہلی اننگز میں329 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور346 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی جس میں زین عباس 94 شیرون سراج 64 اور ہمایوں الطاف 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔

جواب میں لاہور ریجن وائٹس نے78 اوورز کی بیٹنگ میں304 رنز بنائے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔عابدعلی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 164رنز بنائے اور نا ٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

ملتان کے وکٹ کیپر حسیب اللہ نے چار کیچ لیے۔اس میچ میں زیادہ تر کھیل بارش کی وجہ سے متاثر ہوا۔ دوسرے دن ایک گیند بھی نہیں کرائی جاسکی تھی جبکہ تیسرے دن صرف 32 اوورز ہوسکے تھے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فیصل آباد ریجن اور لاہور ریجن بلیوز کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔آخری دن فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز 34 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور 7 وکٹوں کے نقصان پر188 رنز بنائے ۔محمد ہریرہ 39۔محمد عرفان خان39 اور فہیم اشرف34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس سے قبل لاہور بلیوز نے اپنی پہلی اننگز میں 201 جبکہ فیصل آباد نے اپنی پہلی اننگز میں211 رنز بنائے تھے۔

شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس اور فاٹا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری دن فاٹا نے اپنی پہلی اننگز میں110 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 184 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اسطرح اسے کراچی ریجن وائٹس پر پہلی اننگز کی40 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔محمد سرور نے70 رنز کی اننگز کھیلی۔ غلام مدثر نے44 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔میرحمزہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کراچی ریجن وائٹس نے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے ایک رن بنایا تھا۔