نوابزادہ نصراللہ خان ہمیشہ جمہوریت کی بقاءکے لیے سرگرم رہے،حبیب اللہ شاکر

منگل 26 ستمبر 2023 13:38

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) نوابزادہ نصراللہ خان ہمیشہ جمہوریت کی بقاءکے لیے سرگرم رہے،ان جیسے سیاستدان غنیمت تھے جنہوں نے آمریت کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ رہنمائی کی ۔ان خیالات کااظہارنامور ماہر قانون اورپاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما حبیب اللہ شاکر نے نوابزادہ نصراللہ خان کی 20ویں برسی کے موقع پر اے پی پی سے بات چیت کے دوران کیا۔

حبیب اللہ شاکر نے کہاکہ نوابزادہ نصراللہ سیاسی اتحاد بنانے کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں 18سیاسی اتحاد بنائے اور جمہوریت کی بقاءکے لیے سرگرم رہے۔ انہوں نے کہاکہ1981ءمیں ایم آرڈی کی تحریک کے دوران یہ نوابزادہ نصراللہ خان ہی تھے جو مولانافضل الرحمن کو ملتان سے اپنے ساتھ کراچی لے گئے ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن اس زمانے میں ملتان میں زیرتعلیم تھے اور نوابزادہ نصراللہ خان ان کے والد مولانامفتی محمود کے ساتھ اپنی دوستی کے تناظرمیں انہیں اپنا بھتیجا کہتے تھے ۔

واضح ہو کہ نوابزادہ نصراللہ خان 1918ءمیں خان گڑھ میں پیداہوئے تھے۔ انہوں نے 1933ءمیں عملی سیاست کاآغازمجلس احرار سے کیا۔ قیام پاکستان کے بعد وہ مسلم لیگ میں شامل ہوگئے۔ 1950ءمیں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اورپھرانہوں نے حسین شہید سہروردی کے ساتھ مل کر عوامی لیگ کی بنیادرکھی۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان جمہوری پارٹی کے نام سے اپنی الگ سیاسی جماعت بنائی۔ 27ستمبر2003 کو وہ اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔