پشاور، بھتہ خوری میں ملوث 2 اہم دہشتگرد گرفتار

بھتہ خوری میں ملوث افغان شہریوں کا معاملہ دوبارہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی فنانسگ یونٹ

منگل 26 ستمبر 2023 17:42

پشاور، بھتہ خوری میں ملوث 2 اہم دہشتگرد گرفتار
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) ڈی آئی جی سی ٹی ڈی فنانسنگ یونٹ عمران شاہد نے کہا ہے کہ بھتہ خوری میں ملوث 2 اہم دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔عمران شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔اٴْنہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد زمان فیض اور سعید اللّٰہ افغانستان کے رہائشی ہیں اور اٴْنہیں لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں سے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والے موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔اٴْنہوں نے بتایا کہ دہشت گرد کاروباری اور دیگر افراد سے بھتہ مانگ رہے تھے اور نقصان کے ڈر سے کئی افراد بھتہ خوروں کا شکار بھی بن چکے ہیں لیکن متاثرہ افراد نے خوف کے باعث ان کے خلاف قانونی کارروائی سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

عمران شاہد نے بتایا کہ دہشت گرد ضلع مہمند میں کارروائیاں کرتے تھے، گرفتار ملزمان کے ساتھ دیگر 71 ساتھی بھی شامل ہیں۔

اٴْنہوں نے بتایا کہ یہ نیٹ ورک سیاست دانوں کو بھی بھتے کے لیے کالز کرنے میں ملوث ہے، گرفتار دہشت گردوں نے ایک سابق سینیٹر اور ایم پی اے کو بھی بھتے کی کال کی تھی۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ افغانستان کے نمبرز کا سی ڈی آر نکالنا مشکل ہوتا ہے، بھتہ خوری کے لیے دہشت گردوں نے 10 واٹس ایپ گروپس بنا رکھے ہیں۔عمران شاہد نے بتایا کہ بھتہ خوری میں ملوث افغان شہریوں کا معاملہ دوبارہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔