اباسین آرٹس کونسل پشاور نے اپنے روایتی سالانہ ادبی ایوارڈز 2022 کے نتائج کا اعلان کر دیا

منگل 26 ستمبر 2023 17:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) اباسین آرٹس کونسل پشاور نے اپنے روایتی سالانہ ادبی ایوارڈز 2022 کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔ منصفین کے فیصلوں کے مطابق اُردو شاعری میں سردار عبدالرب نشتر ایوارڈ بشریٰ فرخ کی کتاب (لڑکیاں بند کتابوں جیسی) اور پروفیسر محمد شفیع صابر ایوارڈ وحیدہ ملک کی کتاب(متاع سخن) ، اردو نثر کے لئے اﷲ بخش یوسفی ایوارڈ طاہر شیرازی کے لکھے ناول (سانس لیتے شہر میں محبت) جبکہ پروفیسر محمد شفیع صابر ایوارڈ محمد جمیل کاچو خیل کی تصنیف (ہم خاک نشین) کو اور اُردو تحقیق و تالیف کا جسٹس کیانی ایوارڈ فہیم صدیقی کی کتاب (وادی پشاور گندھارا) کو دیا گیا۔

پشتو نثر کے لئے محمد جمیل کاچو خیل کی کتاب(نیمگڑے قیصے) کو خوشحال خان خٹک ایوارڈ اور پشتو شاعری میں امتیاز احمد عابد کی کتاب(لاجواب) کو رحمان بابا ایوارڈ کا مستحق قرار دیاگیا۔

(جاری ہے)

پشتو تحقیق و تراجم ،تالیف میں سکندر خان سکندر کی کتاب(فن اور فنکار) کو مولانا عبدالقادر ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ہندکو نثر میں گل ارباب کی کتاب (چنی نال بَدھی کہانڑیاں) کورضا ہمدانی ایوارڈ، ہندکو شاعری میں احمد ندیم اعوان کی کتاب(غزلاں نظماں تیرے نام) کو سائیں احمد علی ایوارڈ اور ہندکو تحقیق و تالیف میں علی اویس خیال کی کتاب(مختار حرفی) کو سید فارغ بخاری ایوارڈ کے لئے منتخب کیاگیا۔انعام یافتہ گان کو عنقریب خصوصی تقریب میں نقد انعامات اور اسناد پیش کی جائینگی۔