فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستا ن اورجرمنی کے درمیان آمدنی پر دہرے ٹیکسوں اور ٹیکس چوری روکنے کے معاہدے پر مذاکرات دوبارہ شروع کردئیے

منگل 26 ستمبر 2023 20:29

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستا ن اورجرمنی کے درمیان آمدنی پر دہرے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2023ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے پاکستا ن اور جرمنی کے درمیان آمدنی پر دہرے ٹیکسوں اور ٹیکس چوری روکنے کے معاہدے پر مذاکرات دوبارہ شروع کردئیے اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے ٹیکس وفود کے درمیان 18ستمبر سے 22 ستمبر تک بات چیت کا پہلا دور اسلام آباد میں ہوا اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے سربراہوں نے معاہدے کی کلیدی شقوں پر تفصیلی بات چیت اور اتفاق رائے کے بعد معاہدے کے اولین مسودے پر دستخط کر دیئے واضح رہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دہرے ٹیکسوں سے بچنے کا موجودہ معاہدہ 1994 میں کیا گیا تھا جس پر قومی اور بین الاقوامی ضروریات کے مطابق ٹیکس قوانین اور قواعد میں تبدیلیوں کے تناظر میں نظرثانی کی ضرورت تھی نظر ثانی شدہ معاہدہ نہ صرف دونوں ملکوں کے باشندوں کو آمدنی پر دہرے ٹیکسوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دے گا بلکہ ٹیکس سے بچنے یا کم ٹیکس ادا کرنے جیسے معاملات میں کمی لائے گا اس معاہدہ سے باہمی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے، معاشی تعاون میں اضافہ کرنے اور دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کو بڑھانے میں مدد ملے گی جبکہ سرحد پار کاروباری ٹرانزیکشنز پر لاگو ٹیکسیشن قواعد پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جا سکیگا۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے ٹیکس دہندگان کو دہرے ٹیکسوں سے نجات ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔۔۔۔۔اعجاز خان