نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد اورکمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اجلاس منعقد

منگل 26 ستمبر 2023 19:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد ہمراہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہواہے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی،ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ، سی ٹی او پولیس تیمور خان،سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے راولپنڈی اور جہلم میں وکس ا سٹیشن بنائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیرکو انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں رواں برس ماہ اگست اور ستمبر میں 2674 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے انسداد سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1876 گاڑیوں کا چالان کیا گیا اور 137 گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےابراہیم مراد نے کہا کہ بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے آلودگی کا سامنا ہے، انسداد سموگ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو قبضے میں لے کر بند کر دیا جائے اورمالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے متعلقہ محکمے سر گرمیاں تیز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھٹہ مالکان سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔\378