ملتان،میپکو کی 20 ویں روز بھی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری،89 رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

بدھ 27 ستمبر 2023 14:47

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی ٹیموں کا جنوبی پنجاب میں بیسویں روز بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رہا،انہوں نے ایک روز میں مزید 89صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ڈائریکٹر کمرشل میپکو اسد حماد کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف مزید60مقدمات درج کروائے گئے جس کے بعد درج ہونے والے مقدمات کی مجموعی تعداد 4566ہوگئی۔

اس کے علاوہ میپکو ٹیموں نے چار بجلی چوروں کو موقع سے گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

میپکو ریجن میں آنے والے13اضلاع میں 2255بجلی چوروں کو پابند سلاسل کیاجاچکا ہے۔ میپکو ترجمان کے مطابق میپکو نے میسرز طفیل فلور ملز راجن پور سے 33فیصد میٹرسلوپانے پر 25لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا۔اس کے علاوہ ایکسین صادق آباد ڈویژن کی سربراہی میں کوٹ سبزل اوباڑوبارڈر پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران سات افراد کوبڑے پیمانے پربجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔بجلی چورمیٹرز آہستہ کرکے اے سی اور توڑی پریس کرنے والی مشینیں چلارہے تھے ۔میپکو ریجن میں اب مجموعی طورپر بجلی چوروں کو34کروڑ22لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے ان سے 10کروڑ88لاکھ روپے وصول کرلیے گئے ہیں۔