غیرملکیوں کیلئے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے آن لائن اجراء کی سہولت

سعودی عرب نے ابشر پلیٹ فارم میں نئی سروسز کا اضافہ کردیا‘ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں دونوں مستفید ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 ستمبر 2023 16:38

غیرملکیوں کیلئے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے آن لائن اجراء کی سہولت
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب نے غیرملکیوں کے لیے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے آن لائن اجراء کی سہولت دے دی۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اب ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ آن لائن حاصل کرسکیں گے، وزارت داخلہ کے ماتحت برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ جاری کرنے والے ادارہ احوال مدنیہ سے معلوم ہوا ہے کہ ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے ماتحت نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ آن لائن جاری کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ متعلقہ شخص یا اس کے خاندان کا کوئی فرد آن لائن ڈیجیٹل برتھ سرٹیفکیٹ دیکھنے کے ساتھ ساتھ اس کا پرنٹ بھی نکال سکتا ہے، اس مقصد کے لیے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے ابشر میں نئی سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے، جن کے تحت اب ڈیجیٹل برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے علاوہ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کے حوالے سے معلومات بھی حاسل کی جاسکیں گی۔

(جاری ہے)

محکمہ احوال مدنیہ کا کہنا ہے کہ برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے درست ہونے سے متعلقہ شخص کا اطمینان بھی آن لائن کیا جا سکے گا، نئی سروسز میں اس سہولت کا بھی اضافہ کیا گیا ہے، نئی ڈیجیٹل سہولیات کا اضافہ مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے لیے وقت کی بچت، کارروائی کو مختصر کرنے اور خدمات کا معیار بلند کرنے کا باعث بنے گا۔