عراق، شادی میں ایک اور سانحہ، زہریلا کھانا کھانے سی50افراد ہسپتال منتقل

واقعہ کرکوک گورنری کے علاقے الحویجہ میں پیش آیا۔ تمام متاثرین کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،غیرملکی میڈیا

جمعرات 28 ستمبر 2023 12:50

عراق، شادی میں ایک اور سانحہ، زہریلا کھانا کھانے سی50افراد ہسپتال منتقل
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2023ء) عراق میں دو روز قبل موصل شہر کے علاقے الحمدانیہ میں شادی ہال میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں شادی کی تقریب میں شریک 100 سے زائد افراد کی ہلاکت اور 150 کے زخمی ہونے کے بعد کرکوک گورنری میں ایک اور سانحہ رونما ہوا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ سانحہ بھی ایک شادی کی تقریب میں پیش آیا جہاں زہریلا کھانا کھانے سے کم سے کم پچاس افراد بیمار ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

یہ واقعہ کرکوک گورنری کے علاقے الحویجہ میں پیش آیا۔ تمام متاثرین کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔عراقی وزارت صحت نے بتایا کہ ملک کے شمال میں کرکوک شہر کے مغرب میں واقع عراقی قصبے حویجہ میں شادی کی تقریب میں خراب کھانا کھانے کے نتیجے میں زہریلے کھانے سے 50 سے زیادہ افراد بیمار ہوگئے۔

(جاری ہے)

عراقی خبر رساں ایجنسی نے کرکوک کے ہیلتھ ڈائریکٹر جنرل زیاد خلف کے حوالے سے کہا ہے کہ زہریلا کھانا کھانے سے متاثر ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اوران کا علاج کیا جا رہا ہے۔کچھ مقامی میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 20 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ زہر دینے کا یہ واقعہ شمالی عراق میں نینوی گورنری میں ایک شادی ہال میں آتش بازی کے نتیجے میں کم از کم 100 افراد کے ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہونے کے بعد پیش آیا ہے۔عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشمری نے بھی اس واقعے میں ملوث 14 ملزمان کی گرفتاری کا اعلان کیا۔انہوں نے عراقی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بیانات میں کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے نتائج کا اعلان 72 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :