کاشتکاروں کو ٹماٹر کی نرسری 15اکتوبر تک کاشت کرنے کی ہدایت

پیر 2 اکتوبر 2023 12:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی نرسری 15اکتوبر تک کاشت کرتے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار اس ضمن میں کسی تاخیر کامظاہرہ نہ کریں نیز جہاں وائرسی امراض کے حملہ کا خدشہ ہووہاں نرسری جالی اور کپڑے یا ٹشو کے نیچے کاشت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پلاسٹک ٹنل میں سبزیات کی کاشت کیلئے سب سے اہم مرحلہ انتخاب سبزی، قسم، بیماری سے پاک صحت مند بیج اور اس سے صحت مند نرسری اگانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ سبزیات شروع میں سست رفتاری سے بڑھتی ہیں مثلاً شملہ مرچ، ٹماٹر، سبز مرچ اور بینگن بذریعہ نرسری اگائی جاتی ہیں جبکہ کچھ سبزیات شروع میں تیز رفتاری سے بڑھتی ہیں مثلاً کھیرا، کدو، کریلہ، خربوزہ اور تربوز وغیرہ براہ راست بیج سے کاشت کی جاتی ہیں اور نرسری میں بہتر ماحول میسر آنے کی وجہ سے بیج کا اگاؤ جلدی ہو جاتا ہے تو اس کی دیکھ بھال آسان ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جو کاشتکار ابھی تک سبز مرچ، شملہ مرچ اور بینگن کی نرسری کاشت نہیں کر سکے وہ جلد از جلدان کی کاشت مکمل کر لیں۔انہوں نے کہاکہ تیلہ و سفید مکھی کے تدارک کیلئے نرسری کو سپرے کریں۔انہوں نے کہاکہ سبزیوں کے اگتے ہوئے بیج پر چوہے بھی حملہ آور ہوتے ہیں لہٰذا چوہوں کیلئے زنک فاسفائیڈ کو کسی گلے سڑے پھل، آلو یا ابلے ہوئے گندم/مکئی کے دانوں کو لگا کر ٹنل کے اندر مختلف جگہ پر رکھ دیں نیزسبزی کیلئے ٹنلز کی تعداد علیحدہ علیحدہ نکال لیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ہر ٹنل کی لمبائی اور چوڑائی کا تعین کرکے منتخب کی گئی سبزیات کیلئے سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق ہر ٹنل میں پٹڑیوں اور لائنوں کی تعداد معلوم کر لیں۔

متعلقہ عنوان :