یونیورسٹی آف سرگودھا کے282طلبا ء و طالبات میں چائنیز امبیسیڈر سکالرشپ کے چیک کی تقسیم

جمعہ 6 اکتوبر 2023 17:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے282طلبا ء و طالبات میں چائنیز ایمبیسیڈر سکالرشپ تقسیم کیے گئے، اس سلسلے میں پُروقار تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول ہال میں منعقد ہوئی،وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطور ِ مہمان ِخصوصی شریک ہوئے اور طلبہ میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی، ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز ڈاکٹر فضل الرحٰمن، ڈائریکٹر اکڈیمکس ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی سمیت مختلف شعبہ جات کے صدور و سربراہان بھی موجود تھے۔ یہ سکالرشپ چینی سفیر کی جانب سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ کےلئے شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سکالرشپ گرانٹ کے تحت 176ضرورت مند طلبہ، 100طلبہ کو میرٹ اورچائنیز لینگوئج کورس میں پوزیشن حاصل کرنے والے6طلبہ کو سکالرشپس فراہم کیے گئے۔

اس موقع پر چینی سفیر ژیانگ زیدونگ نے کہا پاکستان میں چینی سفارت خانے کی جانب سے اسکالرشپ حاصل کرنے والے تمام طلباء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں،میں نے سفیر کی حیثیت سے چند ہفتے قبل ہی اپنا عہدہ سنبھالا اور پاکستان مجھے اپنے گھر جیسا محسوس ہوا۔ انہوں نے پاک چین دوستی کولازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاک چین دوستی کے جانشین ہیں۔

انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ ذُمہ داری سے تعلیم حاصل کریں گے،اپنی قابلیت کو بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کریں گے اور مستقبل قریب میں ملک کی خدمت کا ذمہ اپنے کندھوں پر اٹھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ طلبہ یونیورسٹی میں اپنے وقت کی قدر کریں، ہنر سیکھنے اور قابلیت کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کریں، ایک دن آپ ملک کی خدمت کرنے کی ذمہ داری اٹھا سکتے، چین و پاکستان کے درمیان عملی تعاون کے لیے خود کو وقف کر سکتے اور باہمی دوستی کے عظیم مقصد کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چائنیز امبیسیڈر سکالرشپ کو ہونہار طلبہ اور ضرورت مند طلبہ کو اپنی تعلیم مکمل کرنے اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، امید ہے کہ مزید پاکستانی طلباء مزید تعلیم کے لیے چین جائیں گے اور چین پاکستان دوستانہ تبادلوں کے سفیر بنیں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ کیلئے سکالرشپ کے اجراء پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی سطح پر تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کا منصوبہ گیم چینجر ہے جس کی تکمیل سے پاکستان بھر میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع جنم لیں گے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے نوجوان ان مواقعوں سے مستفید ہونے کیلئے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔انہوں نے دونوں ممالک کی بے لوث اور مخلصانہ دوستی کو ہمالیہ سے بلند،سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل وقت میں چین اور پاکستان کے تعلقات اٹوٹ ثابت ہوئے ہیں، اور ہر گزرتے سال کے ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت اور تعلیم میں دو طرفہ تعاون میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جو دونوں ممالک کے لیے خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر فضل الرحمٰن نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست ملک، پاک چین تعلقات کی انفرادیت اور محبت کے رشتہ کی مضبوطی کومحسوس کیا جا سکتا ہے۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو مزید آگے بڑھنا ہے جس کے لیے نوجوان کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے بطور دوست ملک پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے کئی اقدامات کیے، چائنیز امبیسیڈر سکالرشپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 274 چینی یونیورسٹیاں ہر سال بین الاقوامی طلباء کو سکالرشپ پیش کرتی ہیں، چائنہ سکالرشپ کونسل کی رپورٹ کے مطابق اس وقت تقریباً 28,000 پاکستانی طلبہ چین کی مختلف یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور عالمی معیار کے فنون، فکری اور علمی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، امید ہے کہ 2030 تک یہ تعداد دو گنا ہو جائے گی۔

پاکستان سے طلبہ کی تعداد میں اضافے کی بنیادی وجہ چینی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی پالیسیوں کا ایک سلسلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کے ساتھ مالی تعاون کے لیے چینی سفیر سکالرشپ پروگرام شروع کیا گیاجس کی مد میں یونیورسٹی آف سرگودھا کو 3.7 ملین روپے دیے گئے جو طلبہ کو مالی تعاون فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے استعمال میں لائے جائیں گے۔