پشاور، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کی سربراہی میں تمباکو نوشی کی روک تھام بارے اجلاس،روڈ میپ پر عملدرآمد بارے بحث ہوئی

بدھ 15 نومبر 2023 17:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2023ء) ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی کی سربراہی میں تمباکو نوشی کے سدباب کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ماجد خان، پراجیکٹ کوارڈینیٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل اجمل شاہ، اسسٹنٹ کمشنر پشاور سیدہ زینب نقوی ، پروگرام مینجر بلیو وینز قمر نسیم، محکمہ پولیس، محکمہ تعلیم، سماجی بہبود و دیگر متعلقہ محکمو ں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ٹوبیکو فری اضلاع میں تمباکو نوشی کے سد باب کیلئے روڈ میپ پر عملدرآمد بارے سیر حاصل بحث ہوئی۔ پشاور، ایبٹ آباد اور ضلع ہری پور کے دو تحصیل سموک فری قرار دئیے جاچکے ہیں۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ تمام پبلک مقامات کے اندر تمباکو نوشی کی ممانعت ہے جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر انتظامیہ کو کارروائیاں عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام محکموں سے ایک فوکل پرسن لیا جائے جو کہ ٹوبیکو کنٹرول کے نفاذ اور اس کی رپورٹنگ سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو سہ ماہی طور پر رپورٹ کریں۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جو نئی مصنوعات آئی ہیں جیسے الیکٹرانک سگریٹ اور ویلو کے بارے میں اقدامات کی ضرورت ہےکیونکہ تمباکو نوشی سے ہرسال لاکھوں شہری موت کا شکار ہوتے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منہ کے کینسر کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے، نسوار خطرناک نشہ ہے جس سے بڑی تعداد میں لوگ کینسر کا شکار ہوتے ہیں، معاشرے میں تمباکو نوشی کا بڑھتا ہوا رُجحان نوجوان نسل کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے۔ تمباکو نوشی کے اثرات پورے معاشرے کو کھوکھلا کرچکی ہے۔ روڈ میپ میں دئیے گئے دیگر اداروں کو تمباکو نوشی کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت میں ٹوبیکو کنٹرول سیل 2013 سے قائم ہے تمباکو نوشی سد باب کیلئے بلیو وینز کی جانب سے ایکشن پلان ڈرافٹ کیا گیا ہے جسے جلد ہی محکمہ صحت کی جانب سے محکمانہ توسط سے پیش کیا جائے گا۔