پشاور کے تمام ہسپتالوں، تھانوں اور تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی کے انتباہی نوٹسز لگے ہیں،، تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں سگریٹ کی خریدوفروخت کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائی: ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ارشاد روغانی

بدھ 15 نومبر 2023 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2023ء) ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی کی سربراہی میں تمباکو نوشی کے سدباب بارے فوکس گروپ ڈسکشن منعقد ہوا۔ فوکس گروپ ڈسکشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ماجد خان، پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل اجمل شاہ، اسسٹنٹ کمشنر پشاور سیدہ زینب نقوی، پروگرام منیجر بلیو وینز قمر نسیم، محکمہ پولیس، محکمہ تعلیم، سماجی بہبود و دیگر متعلقہ محکمو کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

فوکس گروپ ڈسکشن میں ٹوبیکو فری اضلاع میں تمباکو نوشی کے سد باب کیلئے روڈ میپ پر عملدرآمد بارے سیر حاصل بحث ہوئی۔ پشاور، ایبٹ آباد اور ضلع ہری پور کے دو تحصیل سموک فری قرار دئے جاچکے ہیں۔ ڈائر یکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ تمام پبلک مقامات کے اندر تمباکو نوشی کی ممانعت ہے جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ کو کارروائیاں عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ تمام محکموں سے ایک فوکل پرسن لیا جائے جو کہ ٹوبیکو کنٹرول کے نفاذ اور اس کی رپورٹنگ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو سہ ماہی طور پر کریں۔ اجلاس میں الیکٹرانک سگریٹ اور ویلو کے بارے میں اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کیونکہ تمباکو نوشی سے ہرسال لاکھوں شہری موت کا شکار ہوتے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منہ کے کینسر کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے، نسوار خطرناک نشہ ہے جس سے بڑی تعداد میں لوگ کینسر کا شکار ہوتے ہیں، معاشرے میں تمباکو نوشی کا بڑھتا ہوا رُجحان نوجوان نسل کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے۔

تمباکو نوشی کے اثرات پورے معاشرے کو کھوکل کھلا کرچکے ہیں۔ روڈ میپ میں د ئیے گئے دیگر اداروں کو تمباکو نوشی کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت میں ٹوبیکو کنٹرول سیل 2013 سے قائم ہے۔ تمباکو نوشی سد باب کیلئے بلیو وینز کی جانب سے ایکشن پلان ڈرافٹ کیا گیا ہے جسے جلد ہی محکمہ صحت کی جانب سے محکمانہ توسط سے پیش کیا جائے گا