امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جہانگیر ترین سے ملاقات، آئندہ عام انتخابات سے متعلق بھی تبادلہ خیال

امریکی سفیر کا پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے اپنے بھر پور عزم کا اظہار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 18 نومبر 2023 15:20

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جہانگیر ترین سے ملاقات، آئندہ عام انتخابات ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 8 نومبر 2023ء) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر آمد ہوئی۔ ڈونلڈ بلوم نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری بھی شریک تھے۔ امریکی سفیر اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور اکنامک ریفارمز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

امریکی سفیر اور آئی پی پی کی قیادت کے درمیان آئندہ عام انتخابات بارے بھی بات چیت کی گئی۔ جہانگیر ترین نے انسانی حقوق کے حوالے سے بھی اپنا موقف سامنے رکھا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ آئی پی پی عام انتخابات کے لیے تیار ہے۔ آئی پی پی قیادت بھر پور انداز سے اپنی انتخابی اور سیاسی سرگرمیاں شروع کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے اپنے بھر پور عزم کا اظہار کیا۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔نواز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے خاص طورپر مختلف امریکی رہنمائوں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کریں گے۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوںمیں تعاون پر گفتگو کی۔ رہنمائوں نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکہ اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔