لاہور، عدالت نے پراپر ٹی ڈیلر کے آفس پر حملہ کیس میں منشا بم کی درخواست ضمانت خارج ،نو مئی واقعات میں گرفتار 44 شریک ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

پیر 20 نومبر 2023 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھتہ نہ ملنے پر پراپرٹی ڈیلر کے آفس پر حملہ کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں لاہور کی سیاسی شخصیت منشا بم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ دوران سماعت سرکاری پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ منشا بم اور دیگر شریک ملزمان نے بھتہ نہ ملنے پر پراپرٹی ڈیلر کے آفس پر حملہ کیا ،ملزمان نے آفس میں توڑ پھوڑ کی اور دس لاکھ روپے رقم چھین کر لے گئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل عدالت سرکاری پلاٹوں پر قبضہ کرنے اور سرکاری ملازمین سے الجھنے کے مقدمے میں منشا بم کی ضمانت خارج کرچکی ہے ۔دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے نو مئی کے واقعات میں عسکری ٹاور پر حملے کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار 44 شریک ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی،عدالت نے زرین رضا، فیضان حسن، محمد احمد علی گوندل، صداقت حسین ، الطاف حسین، عبد الجبار، محمد جلال زیب خان، غلام قاسم، رفیق خان ، اعزاز رفیق سمیت 44 ملزمان کوایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔