Live Updates

مشکل گھڑی میں سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر متاثرین سیلاب کی خدمت کرنا ہوگی، چیئرمین سینیٹ

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:16

مشکل گھڑی میں سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر متاثرین سیلاب کی خدمت کرنا ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر متاثرہ عوام کی خدمت کرنا ہوگی۔سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے اپنے حلقے کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کھانے پینے کی اشیاء اور جانوروں کے چارے کی فراہمی میں مدد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہے ہیں اور یہ جدوجہد خالصتاً عوامی خدمت کے جذبے سے کی جا رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیلاب کے آغاز سے ہی وہ خود عوام کی خدمت کے لیے میدان میں ہیں اور متاثرین کو ریلیف پہنچانے کے عمل کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت وہ تمام ادارے قابلِ تحسین ہیں جو بروقت نشاندہی کے ذریعے انسانی جانوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص ملتان مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور زمینی کٹاؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ انہوں نے متاثرین سے اپیل کی کہ وہ اپنی جانوں کو بچانے کے لیے گھروں کو خالی کریں اور محفوظ مقامات کا رخ کریں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے انتظامیہ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، میڈیا اور فلاحی تنظیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو دن رات عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات