Live Updates

مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں‘ڈ اکٹر راغب حسین نعیمی

جمعرات 4 ستمبر 2025 15:25

مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں‘ڈ اکٹر راغب حسین نعیمی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں دل کھول کر متاثرینِ سیلاب کی مدد کریں۔متاثرہ علاقوں میں ریاستی اداروں کی امدادی سرگرمیاں قابلِ قدر ہیں۔

متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے طویل المدتی اقدامات کیے جائیں۔ مخیر اداروں، دینی مدارس، فلاحی تنظیموں اور عام شہری امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500سالہ جشن ولات پراہل اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی، انتہا پسندی کا واحد حل سیرتِ مصطفیؐمیں پوشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام نکالا گیا عیدمیلاد النبیؐ کے سالانہ جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلوس کا آغازجامعہ نعیمیہ سے ہوا ،جلوس گڑھی شاہو،کوئین مری کالج روڈ ،لاہورپریس کلب،پولیس لائنز سے گزرتاہوادربار حضرت بی بی پاکدامن رحمةاللہ علیہا پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی قیادت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کی جبکہ جلوس میں مولانا محبوب احمدچشتی،مفتی ندیم قمر،صاحبزادہ حافظ محمدحسین نعیمی ،مفتی محمدعمران حنفی،ڈاکٹر محمدسلیمان قادی،پیر سید زین العابدین شاہ،مولانا غلام مرتضی نقشبندی، مفتی محمدعارف حسین،پیر فاروق احمد،مولانا ارشد جاوید،مولانا علی رضاصابری،قاری جمیل احمد،مولانا محمدسلیم نعیمی، مفتی قیصر شہزاد نعیمی،قاری محمدامیر قادری،مفتی محمدمدنی،صدر بزم نعیمیہ حافظ انعام حبیب بڑالوی سمیت ادارے کے اساتذہ ،طلبہ سمیت عامة الناس کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

راستے بھر شرکاء درود و سلام پڑھتے، نعتیں سناتے اور محبت رسول ﷺ کا والہانہ اظہار کرتے رہے۔جلوس کے دوران مختلف مقامات پر شہریوں نے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا، پھول نچھاور کیے ۔ شہر کے امن و امان اور ٹریفک کی روانی کے لیے مقامی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے بہترین انتظامات کیے گئے جس پر جامعہ کی انتظامیہ نے اظہارِ تشکر کیا۔۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اپنے خطاب میں مزیدکہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہزاروں خاندان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔

۔ اسلام ہمیں ایثار، ہمدردی اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں مصیبت زدہ افراد کی مدد کرنا نہ صرف دینی فریضہ ہے بلکہ یہ ایک قومی ذمہ داری بھی ہے۔ قدرتی آفات محض قدرتی حادثات نہیں بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسان کو جھنجھوڑنے والے پیغام ہوتے ہیں۔ یہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ہم اپنے اعمال پر نظر ڈالیں، رجوع الی اللہ کریں۔

انہوں مزیدکہاکہ''عید میلاد النبی ﷺ کا مقصد صرف جلوس نکالنا نہیں بلکہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنانا، آپ ﷺ کی تعلیمات کو معاشرے میں رائج کرنا اور اُمت مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور امن کا پیغام دینا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت، روشنی اور کامیابی کا ذریعہ ہے۔

عید میلاد النبی ﷺ، وہ بابرکت دن ہے جب تمام کائنات میں رحمت، نور، ہدایت اور فلاح کا سورج طلوع ہوا۔ یہ دن اہلِ ایمان کے لیے خوشی، شکر، عشقِ رسول ﷺ اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ہمیں عید میلاد النبی ﷺ کی برکتیں نصیب فرمائے اور ہمیں اس دن کو حقیقی خوشی، فہم اور عمل کے ساتھ منانے کی توفیق عطا فرمائے۔جلوس کا اختتام دربار حضرت بی بی پاک دامنؒ پر دعا کے ساتھ ہوا، جس میں امتِ مسلمہ کی سلامتی، ملکی ترقی، اور نبی کریم ﷺ کی محبت کو عام کرنے کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات