فلسطینیوں کے قتل عام کے آفٹر شاکس بہت خطرناک ہوں گے، سہیل حمید

جمعرات 23 نومبر 2023 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2023ء) ممتاز آئینی ماہر اور ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سہیل حمید نے کہا ہے فلسطینیوں کا قتل عام زلزلے کے مترادف ہے جس کے آفٹر شاکس بہت خطرناک ہوں گے۔ اس سے مسلم امہ کو ایک نیا شعور حاصل ہوگا جوکہ اسرائیل کیلئے سونامی بن جائے گا۔ اسرائیل اپنی بقاء کو محفوظ نہیں رکھ پائے گا۔

(جاری ہے)

مسلم ممالک کے زوال سے مسلم ممالک میں سیاست ایک نیا رخ اختیار کرے گی۔

شعور بیدار ہونے سے وہ ایک طوفان کی شکل اختیار کرلے گی۔ اسلامی ریاستیں خوف زدہ ہیں ، وہ چین اور روس کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو اپنی بقاء کی خاطر اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ عوامی امنگوں کے مطابق پالیسیاں بنانی ہوں گی ، اسرائیل کی تباہ کاری کو چیلنج کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔