فیصل آباد، گندم کے کاشتکاروں کو بوائی کے وقت کمزورزمینوں میں 2 بوری ڈی اے پی یا5 بوری سنگل سپر فاسفیٹ ڈالنے کی سفارش

جمعہ 24 نومبر 2023 12:24

فیصل آباد، گندم کے کاشتکاروں کو بوائی کے وقت کمزورزمینوں میں 2 بوری ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2023ء) ویٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آری فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے گندم کے کاشتکاروں کو بوائی کے وقت کمز ور زمینوں میں 2بوری ڈی اے پی یا5 بوری سنگل سپر فاسفیٹ ڈالنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ کاشتکار گندم کی فصل میں بوائی کے وقت تجزیہ اراضی کی روشنی میں فاسفورسی،پوٹاش اور نائٹروجنی کھادوں کے متوازن و متناسب استعمال سے گندم کی پیداوار میں اضافہ اور پیداواری اخراجات میں کمی لاسکتے ہیں۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بوائی کے وقت کمز ور زمینوں میں 2 بوری ڈی اے پی یا5 بوری سنگل سپر فاسفیٹ جبکہ اوسط زرخیز زمینوں میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی یا4 بوری سنگل سپر فاسفیٹ اور زرخیز زمینوں میں ایک بوری ڈی اے پی یا اڑھائی بوری سنگل سپر فاسفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گندم کے لیے نائٹروجن اور فاسفورس کے استعمال کی نسبت 2بوری ڈی اے پی اور2 بوری یوریا کااستعمال نہایت ضروری ہے کیونکہ فاسفورس کم استعما ل کرنے کی وجہ سے پودا نرم اور زیادہ سبز ہوجاتاہے جس کی وجہ سے فصل کے گرنے اور اس پر بیماریوں کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتاہے نیز فصل کے پکنے میں تاخیر ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نائٹروجن اور فاسفورس کا تناسب صحیح رکھا جائے تو پیداوار میں 5سے10من فی ایکڑ اضافہ ممکن ہے نیز نائٹروجن کھاد سفارش کردہ نسبت سے زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی بھرپور پیداوار کے حصول کے لیے ایک بوری سلفیٹ آف پوٹاش بھی استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ تجربات سے یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ گندم کی بروقت بوائی اور پوٹاش والی کھاد کی 25کلوگرام فی ایکڑ مقدار استعمال کرنے سے فصل پر تیلے کا حملہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ گندم کی پہلی آبپاشی کے وقت فصل میں نائٹروجنی کھاد استعمال نہ کی جائے تو اس سے فی ایکڑ پیداوارمتاثر ہونے کا احتمال بڑھ جاتاہے جبکہ گندم کی فصل کو پہلے پانی کے ساتھ نائٹروجنی کھاد کے استعمال کی اس وقت ضرورت ہوتی ہے جب پودا جھاڑ بناتا ہے۔انہوں نے کہاکہ فصل کی یہ حالت بروقت کاشت کی گئی فصل میں کاشت سے 18 سے 25 دن بعد شروع ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں دھان کے وڈھ میں کاشتہ گندم کی فصل کی پہلی آبپاشی 35سے40دن بعدکرنے اورآبپاشی کے بعدوترحالت میں نائٹروجنی کھاد کے استعمال کے خاطر خواہ نتائج بھی ملتے ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کھڑی کپاس میں کاشتہ گندم کی فصل میں بوائی کے ایک مہینہ بعد ایک بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ذرائع آبپاشی استعمال کرنے والے کاشتکاروں کی پیداوار روایتی ذرائع پر انحصار کرنے والے کاشتکاروں کے مقابلے میں دو گنا ہو گئی ہے اور وہ عام کاشتکاروں کی نسبت 25 سے30من فی ایکڑ گندم کی بجائے 50 سے60من فی ایکڑ تک گندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی پیداوار حاصل کررہے ہیں لہٰذا کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بھی جدید ذرائع آبپاشی سے استفادہ کریں تاکہ ان کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ پانی کی کمی کامسئلہ آہستہ آہستہ بڑھتا جارہاہے لہٰذا کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ماہرین اصلاح آبپاشی اور زرعی سائنسدانوں کی ہدایات کے مطابق جدید ذرائع آبپاشی سے استفادہ کریں تاکہ پانی کی کمی سے نمٹنے اور اچھی پیداوارحاصل کرنے میں مدد مل سکے۔