لاہور میں مصنوعی بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کی تیاری جا ری ہے، نگران وزیراطلاعات

مصنوعی بارش پر کروڑوں روپے خرچ نہیں ہوتے‘ اس حوالے سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو سمری نہیں بھیجی گئی‘ مصنوعی بارش کلاؤڈ سیڈنگ جہاز کی بحالی کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ عامر میر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 25 نومبر 2023 15:32

لاہور میں مصنوعی بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کی تیاری جا ری ہے، نگران وزیراطلاعات
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 نومبر 2023ء ) نگراں وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ لاہور میں مخصوص مقامات پر مصنوعی بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کی تیاری جا ری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، مصنوعی بارش پر کروڑوں روپے خرچ نہیں ہوتے بلکہ مصنوعی بارش کے لیے استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی نسبتاً کم خرچ ہے، اس حوالے سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو سمری نہیں بھیجی گئی۔

عامر میر نے کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے آسمان پر بادلوں کی موجودگی ضروری ہے اور بادلوں سے مشروط ہونے کی وجہ سے کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے کسی حتمی تاریخ کا تعین ممکن نہیں، کلاؤڈ سیڈنگ میں مصنوعی بارش کے لیے بادلوں پر مخصوص سالٹ چھڑکا جاتا ہے، چھڑکاؤ کے لیے جس جہاز کا استعمال کیا جانا ہے اسے آپریٹ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، مصنوعی بارش کلاؤڈ سیڈنگ جہاز کی بحالی کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں مصنوعی بارش کی تیاری کے حوالے سے یہاں کھڑے ہوائی جہازوں کا معائنہ کیا ہے تاکہ ان جہازوں کی مصنوعی بارش کے لحاظ سے آپریشنل کنڈیشن کے بارے میں دریافت کیا جا سکے، یہ جہاز مصنوعی بارش کے لئے چھوٹے ہیں جبکہ لاہور کے وسیع علاقہ میں مصنوعی بارش برسانے کے لئے بڑے جہاز کرایہ پر لینے کے لئے دیگر ممالک اور کمپنیوں سے بات چیت کی جا سکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل نے والٹن ائر پورٹ کا دورہ کیا، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور سیکرٹری ماحولیات راشد کمال الرحمان بھی ان کے ساتھ تھے، آپریشنل پلائیٹ عبدالصبور نے صوبائی وزیر ماحولیات کو وہاں کھڑے جہازوں کی آپریشنل کنڈیشن اور سروسز کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ دو چھوٹے جہاز یہاں کھڑے ہیں جن کی فی الحال مکمل انسپکشن درکار ہے، یہ جہاز وفاقی محکمہ نیشنل فوڈ سیکورٹی کے تحت پلانیٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی ملکیت ہیں، یہ جہاز چھوٹے ہیں اور محدود سطح پر فصلوں پر ٹڈی دل کے حملوں کے دوران سپرے کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ صوبائی وزیر بلال افضل نے آپریشنل پلائیٹ کیپٹن عبدالصبور سے مصنوعی بارش کے لئے درکار اور ٹائمنگ جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کیپٹن عبدالصبور کو کابینہ کے منعقد ہونے والے اگلے اجلاس میں جہاز رینٹ پر لینے سے متعلقہ تمام انفارمیشن پر مبنی ایک پرزنٹیشن پیش کرنے کی ہدایت کی۔