صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈائون جاری ،مجموعی طور پر کم عمر ڈرائیورز کے ایک لاکھ کے قریب چالان

منگل 28 نومبر 2023 15:40

صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈائون جاری ،مجموعی طور پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ، رواں برس صوبے کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر کم عمر ڈرائیورز کے 99ہزار 764چالان کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے خلاف 7353مقدمات درج ، 52789 موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بند کیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ 14روز کے دوران کم عمر ڈرائیورز کے خلاف5085 مقدمات درج کیے گئے ، بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف 09روز میں 4448مقدمات ، بلاتاخیر کاروائیاں جاری ہیں ۔ ترجمان کے مطابق گذشتہ روز صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیوز کے 2029 چالان کئے گئے، 782 مقدمات درج، 2811 گاڑیاں بند کی گئیں۔صوبہ بھر میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 6047 چالان، 973 مقدمات درج جبکہ 2283 گاڑیاں بند کی گئیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس افسران اور ڈی پی اوز کو بلا امتیازکریک ڈائون جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والے بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں،ایسے ڈرائیورز کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران کریک ڈان کی خود نگرانی کرتے ہوئے رپورٹس باقاعدگی سے سی پی او بھجوائیں۔ ون ویلرز، ریسنگ اور اوور لوڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔