ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیگٹ کے تعمیراتی کام جاری رکھنے کیلئے یوٹیلٹی سروسزکی منتقلی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت

منگل 28 نومبر 2023 20:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2023ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیگٹ کے تعمیراتی کام کو بلارکاوٹ جاری رکھنے کیلئے یوٹیلٹی سروسزکی منتقلی کیلئے تیز رفتار اقدامات کرنے کی ہدایت کی ا ور کہا کہ فیسکو سمیت دیگر محکموں کے انتظامی وفنی تعاون کیلئے مربوط حکمت عملی کویقینی بنائیں،انہوں نے یہ ہدایت پراجیکٹ کے مقام کادورہ کرکے محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے ڈپٹی کمشنر کو عبداللہ پور فلائی اوور کے منصوبے پرعملدرآمد کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال و دیگر افسران اس موقع پر موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے عبداللہ پور اوور ہیڈ برج پرجاکر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی ڈیزائن کا فضائی جائزہ لیااور کہاکہ اس منصوبے کو احسن اندازمیں تیز رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے تمام ترمحکمانہ انتظامات اور تعمیراتی وسائل کویکجاکریں اور کسی بھی قسم کا انتظامی مسئلہ حائل ہونے کی صورت میں انہیں فوری آگاہ کریں تاکہ اعلی سطح کے سرکاری روابط کے ذریعے اسے بلا تاخیر حل کرنے کے اقدامات ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں ،سوئی گیس کی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیاںواضح طورپرنظرآنی چاہیںنیسباک کی فنی نگرانی کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کے متعلق تمام ترانتظامی وفنی میشنری کو متحرک رکھاجائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تعمیراتی مراحل میں لوگوں کے شہری حقوق کا خیال رکھا جائے اور کھدائی سمیت دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کو ہر طرح سے محفوظ بنائیں۔

چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے بتایا کہ جھمرہ روڈ کی طرف پائیلنگ کاکام جاری ہے جبکہ ریٹیننگ وال کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کا آغاز ہوگیاہے تاہم طارق آبادکی سائیڈ پر فیسکو کی تنصیبات کے باعث کھدائی میں مشکل آرہی ہے جس کو حل کرنے کیلئے فیسکو سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :