آسٹریلیا کا دورہ بہت چیلنجنگ ہے، کھلاڑی بہترین نتائج دیں گے، ڈائریکٹرپاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ

منگل 28 نومبر 2023 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کا دورہ سب کے لئے بہت چیلنجنگ ہے،مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کے لئے سب تیار ہیں،آسٹریلیا میں کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینے کے لئے بے تاب ہیں،ٹیم ڈائریکٹر کا کام پلان بنانا اور سپورٹ کرنا ہے جبکہ سٹاف نے اس پر عمل کرنا ہے،ابھی سیٹ اپ میں ہیڈ کوچ کی ضرورت نہیں۔

وہ منگل کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا مشکور ہوں جنہوں نے ذمہ داریاں دیں،جو کوچنگ اور مینجمنٹ سٹاف مقرر کیا گیا ہے وہ بہترین ہے کیونکہ یہ سب وہ لوگ ہیں جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کے لئے بہت شاندار پرفارمنسز دی ہیں اور اب ان کو ایک نیا کردار نئی سوچ کے ساتھ دیا جا رہا ہے تا کہ ماڈرن کرکٹ کے حساب سے ایک نیا پراسس چل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ سب کے لئے چیلنجنگ ہے ،سب کا مائنڈ سیٹ کلیئر ہے، بہتر نتائج لے کر آئیں گے،چینلجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہے سب اس کے لئے تیار ہیں۔آسٹریلیا میں کھلاڑی بہترین نتائج دیں گے،تمام کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینے کیلئے بیتاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر کا کام پلان بنانا اور سپورٹ سٹاف نے اس پر عمل کرنا ہے، ابھی سیٹ اپ میں ہیڈ کوچ کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوش ہوں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترکارکردگی والوں کوعزت دی گئی، این اوسی پالیسی میں بھی بہت جلد کلیئریٹی سامنے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی کے لئے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کا نام میں نے تجویز نہیں کیا ، اگر سابق کپتان شاہد آفریدی میرا نام لیتے ہیں تو اس بارے انہی سے پوچھا جائے۔ شاہد آفریدی نے خود ہی کہا کہ شاہین کپتان نہیں ہونا چاہیے اور رضوان کپتان ہونا چاہیے لیکن ایسا میرے علم میں کچھ نہیں ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود دونوں باصلاحیت کھلاڑی ہیں ان کو چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کپتان بنایا ہے۔

شاہین آفریدی اور شان مسعود میں پوٹینشل موجود ہے اور وہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک میں پرفارمرز کو عزت دیں گے تو اچھا ہوگا،جب ہارنے کے لئے کچھ نہ ہو تو ٹیمیں اچھا پرفارم کرتی ہیں۔