نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا دورہ متحدہ عرب امارات اختتام پذیرہوگیا،کویت کے لئے روانہ ہو گئے

منگل 28 نومبر 2023 21:00

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا دورہ متحدہ عرب امارات اختتام پذیرہوگیا۔وزیر اعظم کویت کے سرکاری دورے پر ابو ظہبی کے البطین ہوائی اڈے سے کویت سٹی کے لئے روانہ ہو گئے جہاں کویتی قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ نگران وزیراعظم کی موجودگی میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفراسٹرکچرسہیل محمد المزروعی اور پاکستانی سفارتی عملے نے نگران وزیر اعظم کو رخصت کیا۔ دورہ کویت کے دوران نگران وزیرِ اعظم ولی عہد کویت شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِ اعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور مختلف شعبوں جن میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔