پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کا آغاز مثبت اور خوش آئند اقدام ہے ، نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا " مہاجرین کی سمگلنگ کے خلاف عالمی اتحاد" کے موضوع پرمنعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

بدھ 29 نومبر 2023 00:40

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2023ء) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کا آغاز مثبت اور خوش آئند اقدام ہے ، ہمارا مقصد نقل مکانی کے رحجان کو کم کرنا نہیں بلکہ اسے ذمہ دارانہ طریقے سے منظم بنانا ہونا چاہیے ،تاکہ انسانی سمگلنگ جیسے چیلنج پر موثر انداز میں قابو پایا جا سکے۔

بیلجیم میں پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کمیشن کی جانب سے " مہاجرین کی سمگلنگ کے خلاف عالمی اتحاد" کے موضوع پرمنعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یورپی یونین کمیشن کی دعوت پر نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کانفرنس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یورپی یونین کی کمشنر برائے مائیگریشن اینڈ ہوم افیئرز یلوا جوہانسن نے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا ۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے غیرقانونی ہجرت اور نقل و حرکت کے سدباب جیسے اہم موضوع پر وزارتی سطح کی اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر یورپی یونین کمیشن کو مبارکباد پیش کی ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج یورپ سمیت دنیا بھر میں ھنرمند افرادی قوت کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کانفرنس کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ہمیں ورک فورس کی قانونی نقل مکانی کے راستوں کا تعین کرنا ہوگا۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ بھی اس کانفرنس میں وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھیں۔