حریت رہنمائوںکی طرف سے ہندو طالبعلم کی گستاخانہ پوسٹ کی شدید مذمت

جمعرات 30 نومبر 2023 22:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے مقبوضہ علاقے میں زیر تعلیم ایک ہندو طالب علم کی طرف سے نبی آخرالزمان حضرت محمد ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگرمیں زیر تعلیم ایک ہندو طالب علم نے سوشل میڈیا پوسٹ میں نبی آخرالزمان حضرت محمد ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی ہے جس کے خلاف پورے مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر غم و غصے کا اظہار کیاجارہا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک گھنائونا جرم ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی ایک دانستہ کوشش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان امن پسند ہیں لیکن جب دین اسلام اور نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کی بات آتی ہے تو ہر مسلمان اس پر اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی ایک دانستہ سازش ہے جسے بالکل بھی برداشت نہیں کیاجاسکتا ۔پروفیسر بٹ نے کہا کہ نبی آخرالزمان ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی صرف کشمیری مسلمانوں کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں ایک اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر میں زیر تعلیم ایک ہندو طالب علم کی طرف سے خاتم النبین حضرت محمدﷺ کے بارے میں گستاخانہ پوسٹ کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہاکہ ہندو انتہا پسندوںکی طرف سے مسلسل توہین رسالت کے واقعات انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے اور اس کا نتیجہ پہلے ہی تعصب کی صورت میں نکل چکا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ علاقے میں اس طرح کے افسوسناک واقعات پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم مقدس مقامات اور شخصیات کے خلاف تعصب کو مسترد کرتے ہیں۔

آغا سید حسن الموسوی نے این آئی ٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسے جنونی ہندوئوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کی سربراہی میں مسلم پرسنل لا ء بورڈ جموں و کشمیر نے سرینگر میں ایک بیان میں پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺکے خلاف توہین آمیز پوسٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔

ایک بیان میں بورڈ کے ارکان نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ کی تعظیم اور تکریم مسلمانوں کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس طرح کے اقدامات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ادھرحریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش ،غلام نبی وار،حکیم عبدالرشید، نصیب الدین اور جاوید احمد میراوراسلامی تنظیم آزادی نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد فاروق رحمانی ،چوہدری شاہین اقبال اور محمد سلطان بٹ نے بھی اسلام آباد سے جاری اپنے بیانات میں حضرت محمد ﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ پوسٹ کی شدید مذمت کی ہے ۔