کاروانِ خیرسگالی و قومی یکجہتی ‘‘ میں شامل طلباوطالبات کا آرمی میوزیم لاہور کا مطالعاتی دورہ

جمعہ 1 دسمبر 2023 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2023ء) ادارہٴ نظریہٴ پاکستان کی دعوت پر کاروانِ خیر سگالی و قومی یکجہتی کے تحت چاروں صوبوں‘ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سے لاہور کے مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے طلباوطالبات نے آرمی میوزیم لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔ طلباوطالبات کو آرمی میوزیم کی تاریخ بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس میوزیم کی تعمیر کا آغاز 2015ء میں ہوا اور اسے دو سال کی مختصر مدت میںمکمل کر لیا گیا ۔

یہ میوزیم تحریک آزادی‘ پاک فوج کی شجاعت وقربانیوں اور ان شہدا کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اس پاک سرزمین کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ اس میوزیم کا مقصد تاریخ سے متعلق آگہی اور معلومات فراہم کرنا ہے۔ دورہ کے دوران طلباوطالبات نے میوزیم میں نشان حیدر گیلری، سیاچن محاذ پر دفاع، دہشتگردی کیخلاف جنگ، قائداعظمؒ، تحریک پاکستان، شہدائے پاکستان اور کشمیر کارنر کے قائم کردہ شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

میوزیم میں بھارت کے ساتھ لڑی گئی 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے مناظر،دشمن سے مقابلوں ، سیاچن محاذ سمیت جنگوں کے دوران قبضے میں لئے گئے دشمن کے جنگی سازوسامان کو دیکھ کر طلبا وطالبات نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ آرمی میوزیم کے بیرونی حصے میں موجود ٹینک ،ہیلی کاپٹر، جنگی جہاز اور 1971 کی جنگ میں پکڑے گئے بھارتی ٹینکوں پر بیٹھ کر طلباوطالبات نے تصاویر بھی بنوائیں۔ اس موقع پر طلبہ کا جوش وخروش دیدنی تھا ، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور بڑے ہو کر آرمی میں شمولیت اختیار کر کے اس پاک وطن کے دفاع کیلئے اپنا تن من دھن قربان کردیں گے۔