اسرائیل نے غزہ پر بمباری کر کے مزید تین صحافی شہید کر دئیے، حماس

صحافیوں کی ہلاکت کے یہ واقعات جنگی وقفوں کے ختم ہونے کے بعد غزہ پر نئی اسرائیلی بمباری کے دوران ہوئے،رپورٹ

ہفتہ 2 دسمبر 2023 14:02

اسرائیل نے غزہ پر بمباری کر کے مزید تین صحافی شہید کر دئیے، حماس
مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) غزہ میں حماس کے زیر قیادت قائم حکومت نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی بمباری میں تین صحافی شہید ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صحافیوں کی ہلاکت کے یہ واقعات جنگی وقفوں کے ختم ہونے کے بعد غزہ پر نئی اسرائیلی بمباری کے دوران ہوئی۔اسرائیل نے جنگی وقفے میں خاتمے کے ساتھ ہی اپنی جنگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے غزہ پر آگ اور بارود کی بارش شروع کر دی۔

(جاری ہے)

حکومتی اطلاعات کے دفتر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تینوں صحافی غزہ میں بطور کیمرہ مین کام کر رہے تھے۔منتصر الصواف، ان کے بھائی مروان اور عبداللہ درویش ترکیہ کے خبر رساں ادارے اناضول کے ساتھ وابستہ تھے۔ترکیہ کی ایجنسی نے تینوں صحافیوں منتصر الصواف، مروان اور عبداللہ کی ہلاکت کی تصدیق کی ۔ اناضول کے جنرل ڈائریکٹر سردار کاراگوز نے کہا ہمیں انتہائی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے والے اپنے ساتھیوں کی زندگی کی فکر ہے۔ ہم حملے کرنے والوں کے احتساب تک اپنی جدودجہد جاری رکھیں گے۔