بدین کی تحصیل ماتلی سے 4بارپیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونیوالے عبدالغفور نظامانی انتقال کرگئے

ہفتہ 2 دسمبر 2023 14:04

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) پیپلزپارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالغفور نظامانی انتقال کرگئے۔مرحوم بدین کی تحصیل ماتلی سے 4بارپیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔ مرحوم حاجی عبدالغفور نظامانی پہلی بار1988 میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ۔ مرحوم لگاتار1988،1990، 1993، اور 1997میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے ۔

حاجی عبدالغفور نظامانی شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور عبداللہ شاہ کے قریبی شمار کیئے جاتے تھے۔مرحوم نے جام صادق دور حکومت میں حزبِ اختلاف کے رکن کی حیثیت سے بھرپور کردار ادا کیا۔سندھ اسمبلی اجلاسوں میں وزیراعلی سندھ جام صادق اور مرحوم کے درمیان نوک جھوک اور طنز جاری رہتاتھا۔

(جاری ہے)

مرحوم وزیراعلی جام صادق کے اسمبلی اجلاسوں میں آمد پر نشست پر کھڑے ہو کر احتجاج کرتے تھے ۔

مرحوم پیپلزپارٹی کے واحد رکن صوبائی اسمبلی تھے جنہوں نے میر مرتضی بھٹوکااسمبلی آمد پر بھر پور استقبال کیاتھا۔ مرحوم حاجی عبدالغفور نظامانی میونسپل کمیٹی ماتلی کے سابق چیئرمین عبدالرئوف نظامانی کے والد تھے ۔سابق رکن سندھ اسمبلی حاجی عبدالغفور نظامانی آخر دم تک پیپلزپارٹی سے وفادار رہے اورہر مشکل دور میں پیپلزپارٹی کے ساتھ ثابت قدم رہے اور کسی دوسری پارٹی میں شامل نہیں ہوئے۔

مرحوم حاجی عبدالغفور نظامانی پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت کے ساتھ اختلافات کے باعث سیاست سے کنارہ کش تھے ۔پیپلزپارٹی مخالف شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کے بعد مرحوم پارٹی سیاست سے دور اور غیر افعال ہو گئے تھے۔مرحوم کے بیٹے عبدالرئوف نظامانی نے آزاد حیثیت سے میونسیپل کمیٹی ماتلی کے چئیرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کو شکست دی تھی۔سیاسی، سماجی ،سول سوسائٹی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے حاجی عبدالغفور نظامانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاگیاہے۔