پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کے سینئر رہنما سید سلیم شاہ نے ایبٹ آباد کے قومی اور صوبائی حلقہ سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

ہفتہ 2 دسمبر 2023 14:05

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کے سینئر رہنما سید سلیم شاہ نے ایبٹ آباد کے قومی اور صوبائی حلقہ سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا، پارٹی قیادت، ضلعی تنظیم، کارکنان اور حلقہ احباب سے مشاورت کے بعد ضلعی صدر سرفراز خان جدون نے باقاعدہ اس کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نئی حلقہ بندیاں جاری ہوتے ہی مختلف سیاسی رہنماﺅں و امیدواران اسمبلی کی جانب سے اپنے اپنے حلقہ انتخاب کا اعلان کیا جا رہا جبکہ سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سید سلیم شاہ کی جانب سے خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 45 سٹی اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 17 سے انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ ملنے کے بعد ضلعی صدر سرفراز خان جدون، وائس چیئرمین کینٹ بورد فواد خان، تحصیل صدر طاہر خان و ممبر صوبائی کونسل منظور ممتاز عباسی، تحصیل صدر ملک الیاس سمیت دیگر عہدیداران نے متفقہ طور پر سینئر رہنما سید سلیم شاہ کیلئے دو انتخابی حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

ضلعی صدر سرفراز خان جدون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید سلیم شاہ کی صورت میں ہمیں ایک جرات مند اور قائدانہ صلاحیتیوں کی مالک سیاسی شخصیت ملی ہے، عوامی سیاست میں ان کا کوئی مقابل نہیں ہے، پارٹی عہدیداران کی مشاورت اور مشترکہ رائے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سید سلیم شاہ کے بطور امیدوار میدان میں اترنے کے بعد تمام کارکنان ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے تاکہ اہل اور عوام دوست قیادت کو کامیاب بنا کر عوامی ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے۔