کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے، ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان

ہفتہ 2 دسمبر 2023 18:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2023ء) ریجنل سپورٹس آفیسر ڈویژن احمد زمان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے، بڑھتے ہوئے منشیات کے رحجان کو کم کرنے کیلئے دیگر اداروں کے ساتھ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا بھی سرگرم عمل ہے، ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،2012ءمیں 11 کنال اراضی پر محیط ایبٹ آباد جمنازیم کی 30 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور ہونے والی سکیم پر کام شروع ہونے والاہے، ہاکی گراؤنڈ ایبٹ آباد کی ٹرف مکمل ہو چکی ہے جسے کھلاڑیوں کیلئے اوپن کر دیا گیا ہے، پی سی بی گراؤنڈ ایبٹ آباد کی ایم او یو میں نرمی کرتے ہوئے پریکٹس فری کر دیا گیا ہے جبکہ فٹ بال گراؤنڈ کو بھی اوپن کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت جہاں بھی زمین میسر تھیں وہاں تحصیل لیول پر پلے گراؤنڈ بنائیں گے، پورے سال میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں، گذشتہ دنوں کے دوران ہزارہ کے 8 اضلاع میں اتھلیٹس کے مقابلوں کا انعقاد کروایا جس کے بعد ڈویژنل سطح پر اتھلیٹکس کے مقابلے ہوئے جس میں 240 اتھلیٹس نے حصہ لیا، کوشش کرتے ہیں کہ دور دراز علاقوں کے بچوں کو آگے لایا جائے اور ان کی صلاحیتوں کو سب کے سامنے لایا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے، ہزارہ کی دھرتی کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالہ سے مالا مال ہے لیکن اس چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و سماجی شخصیات سمیت تمام مکتبہ فکر کی افراد کو چاہئے کہ وہ اپنے علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کریں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کریں، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ایسے تمام حلقوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گا۔