ایس ایس پی عاطف نذیر نے غازیوں اور خصوصی بچوں کے والدین میں امدادی چیکس تقسیم کئے

شہداء، غازیوں اور خصوصی بچوں کی ویلفیئر کا سلسلہ جاری رہے گا: عاطف نذیر

ہفتہ 2 دسمبر 2023 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2023ء) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر ایس ایس پی (ایڈمن) عاطف نذیر نے غازیوں اورپولیس ملازمین کے خصوصی بچوں کے والدین میں امدادی چیکس تقسیم کئے۔لاہور پولیس کی جانب سے گزشتہ تین ماہ کے دوران81سے زائد غازیوں میں 25لاکھ سے زائد جبکہ211 خصوصی بچوں کے والدین میں 20لاکھ سے زائد کے چیکس تقسیم کئے گئے ہیں۔

ایس ایس پی(ایڈمن) نے غازیوں اور خصوصی بچوں کے والدین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے خصوصی بچوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے اوراس ذمہ داری کو ہرصورت نبھائیں گے۔عاطف نذیرنے کہا کہ خصوصی بچوں کی ویلفیئر کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس نے ملازمین کے اہل خانہ کے علاج معالجہ، رہائش گاہوں، بچیوں کی شادی، بچوں کی تعلیم اور ملازمت سمیت ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔

ایس ایس پی( ایڈمن) نے بتایا کہ شہداء اور غازیوں کے بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے اسکالر شپس دی جارہی ہیں۔ پولیس ملازمین کے خصوصی بچوں کا علاج معالجہ بہترین طبی اداروں سے کروایا جارہاہے اور شہداء کے بچوں کو فیملی کلیم پرمحکمہ میں بھرتی کیا جا رہا ہے۔ عاطف نذیرنے کہا کہ شہداء، غازیوں اور خصوصی بچوں کی ویلفیئر کا سلسلہ جاری رہے گا۔