تمام فرانسیسی ساحلوں پر اور سکولوں کے قریب تمباکو نوشی پر پابندی کا منصوبہ

DW ڈی ڈبلیو اتوار 3 دسمبر 2023 16:00

تمام فرانسیسی ساحلوں پر اور سکولوں کے قریب تمباکو نوشی پر پابندی کا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 دسمبر 2023ء) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ملکی وزیر صحت اوریلئیاں روسو نے کہا کہ یورپی یونین کے رکن اس ملک میں آئندہ عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کی ممانعت سے متعلق موجودہ قوانین مزید سخت کر دیے جائیں گے۔

روسو نے کہا کہ حکومت نے ملک میں تمباکو نوشی کی عادت کی حوصلہ شکنی کے لیے جو نیا نیشنل اینٹی ٹوبیکو پلان بنایا ہے، اس کے تحت ملک کے تمام ساحلوں پر، سکولوں کے نزدیک اور عوامی پارکوں کے ساتھ ساتھ جنگلات تک میں تمباکو نوشی قانوناﹰ قابل سزا جرم ہو گی۔

نیوزی لینڈ: تمباکو نوشی پر اب مکمل پابندی نہیں لگ سکتی

انہوں نے کہا، ''جو نیا قومی پلان بنایا گیا ہے، اس کے تحت اب تمباکو نوشی پر پابندی والے علاقے ہی ملک میں نیا معیار ہوں گے۔

(جاری ہے)

‘‘ اوریلئیاں روسو نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ نئی پابندیاں تمباکو کے خلاف اس نئے قومی پلان کا حصہ ہوں گی، جس پر عمل درآمد کے لیے پارلیمانی قانون سازی اگلے سال کے اوائل میں کی جائے گی۔

اس قانون کے تحت ملک میں ٹوبیکو فری علاقوں کی تعداد بڑھا دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بہت بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔

جرمنی: بچوں کی موجودگی میں سگریٹ نوشی پر پابندی کا منصوبہ

فرانس میں پہلے سے طے شدہ ہزاروں ٹوبیکو فری علاقے

فرانس میں پہلے ہی تقریباﹰ 7,200 علاقے ایسے ہیں، جنہیں ٹوبیکو فری علاقے قرار دیا جا چکا ہے۔

لیکن وزیر صحت روسو کے مطابق ان مخصوص علاقوں میں تمباکو نوشی پر پابندی اب تک زیادہ تر مقامی حکومتوں کی طرف سے لگائی گئی تھی۔ تاہم آئندہ یہ پابندی مرکزی حکومت کی طرف سے ایک قومی قانون کے تحت لگائی جائے گی۔

ملکی وزیر صحت روسو نے کہا، ''اب ہم اس حوالے سے حکومتی ذمہ داریوں کی (مقامی سے ملکی سطح پر) منتقلی کے ساتھ ایک ایسا نیا اصول وضع کرنا چاہتے ہیں، جو مستقبل کا قانون اور معیار ہو گا۔

‘‘دنیا بھر میں پہلی مرتبہ: کینیڈا میں ہر سگریٹ پر چھپی تنبیہ

پیرس حکومت کا یہ ارادہ بھی ہے کہ وہ ممکنہ طور پر ملک میں ''ویپس‘‘ یا عرف عام میں ''پفس‘‘ کہلانے والے ان الیکٹرانک سگریٹوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا دے گی، جو نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں اور جنہیں ایک بار استعمال کے بعد کوڑے میں پھینکنا پڑتا ہے۔

الیکٹرانک سگریٹوں پر پابندی سے متعلق مسودہ قانون تو دسمبر میں ہی بحث کے لیے پیرس کی قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

’میں اب اسموکر نہیں،‘ آپ کو بھی تمباکو نوشی کیوں ترک کر دینا چاہیے؟

سگریٹوں پر ٹیکسوں میں بھی مسلسل اضافہ

فرانسیسی حکومت کا یہ ارادہ بھی ہے کہ تمباکو کے خلاف قومی ایکشن پلان کے تحت ملک میں سگریٹوں اور دیگر تمباکو مصنوعات پر لگائے گئے ٹیکسوں میں بھی بتدریج لیکن مسلسل اضافہ کیا جائے گا۔

وزیر صحت روسو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فرانس میں بیس سگریٹوں کا ایک پیکٹ تقریباﹰ 11 یورو (12 ڈالر) کے عوض خریدا جا سکتا ہے۔ لیکن حکومت تمباکو پر ٹیکسوں میں اضافہ کر کے اس قیمت کو 2025ء تک 12 یورو فی پیکٹ اور اس کے بعد 2026 میں 13 یورو فی پیکٹ کر دینا چاہتی ہے۔

پاکستان میں تمباکو نوشی: روزانہ بارہ سو نابالغ بچوں کا اضافہ

اوریلئیاں روسو کے الفاظ میں حکومت چاہتی ہے کہ صدر ایمانوئل ماکروں کی طرف سے عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق فرانس میں ''2032ء تک ملک کی پہلی ٹوبیکو فری نسل‘‘ سامنے آ سکے۔

قومی اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں ہر سال 75 ہزار افراد سگریٹ نوشی اور دیگر تمباکو مصنوعات کے استعمال کے نتیجے میں لگنے والی بیماریوں کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

م م / ع ا (اے پی، اے ایف پی)