پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام 11دسمبرکوسلام پاکستان فوٹو گرافی اور شارٹ ٹورازم دستاویزی فلمی مقابلے منعقدکئے جائیں گے

اتوار 3 دسمبر 2023 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل مائونٹین ڈےکے موقع پر 11 دسمبر کو سلام پاکستان فوٹو گرافی اور شارٹ ٹورازم دستاویزی فلمی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا، فوٹو گرافی اور شارٹ ٹورازم دستاویزی فلم https://bit.ly/47Lhvug پر کل (پیر) تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ ترجمان پی ٹی ڈی سی نے بتایا کہ رواں سال ماؤنٹین ڈے کا تھیم "ماؤنٹین ایکو سسٹم کی بحالی" ہے تا کہ پہاڑوں کی اہمیت، ان کو محفوظ بنانے ، پھیلاؤ اور لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی اور اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا "سلام پاکستان" پاکستان کا آفیشل ٹورازم برانڈ ہے جسے حال ہی میں وزیراعظم نے لانچ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور پہاڑی ورثہ، پہاڑوں پر رہنے والے لوگوں اور ان کا طرز زندگی، پہاڑوں کے دلفریب مناظر، ماؤنٹین ایڈونچر اور کھیل کے موضوع پر مشتمل 4 سے 5 منٹ کی دستاویزی فلمیں اور فوٹو گرافی مقابلوں کا حصہ ہوں گے۔ ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو سیاحتی کانفرنس میں نقد انعامات اور ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات پی ٹی ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ https://tourism.gov.pk سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔