Live Updates

گھر تک دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی، علی ظفر

پاکستان اور بھارت جیسے ایٹمی طاقت رکھنے والے ممالک کے درمیان کوئی مذاق یا فلم نہیں، بیان

جمعرات 8 مئی 2025 17:13

گھر تک دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی، علی ظفر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)اداکار و گلوکار علی ظفر نے ایکس پوسٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد 8 مئی کی دوپہر کو انہیں گھر تک دھماکوں کی گونج سنائی دی۔علی ظفر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بھارت جیسے ایٹمی طاقت رکھنے والے ممالک کے درمیان کوئی مذاق یا فلم نہیں۔انہوں نے عالمی برادری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کو فروغ دینے اور بات چیت کا عمل شروع کروانے کی اپیل بھی کی۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ابھی اپنے گھر میں دھماکوں کی آوازیں سنیں۔علی ظفر نے بھارتیوں کا نام لیے بغیر لکھا کہ جنگ کے ڈھول پیٹنے، تشدد کا جشن منانے اور مزید تنازعات کو ہوا دینے والے یہ بتائیں کہ کیا وہ واقعی یہ بات سمجھتے ہیں کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا کیا مطلب ہو سکتا ہی انہوں نے لکھا کہ یہ فلم نہیں چل رہی، جنگ تباہی ہوتی ہے، معصوم جانیں، بچے اور معصوم خاندان جنگ کی قیمت ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

گلوکار نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان دنیا کو جاگنا ہوگا، دونوں ممالک کو امن کی ضرورت ہے، کیوں کہ ہر زندگی اہمیت رکھتی ہے اور ہر قوم حفاظت کی مستحق ہے۔علی ظفر نے بھارت کا نام لیے بغیر لکھا کہ عالمی برادری کو اس پاگل پن کو روکنے کے لیے فیصلہ کن مداخلت کرنی ہوگی، کیوں کہ بات چیت ہی واحد حقیقی حل ہے، خطے اور دنیا بھر میں اربوں زندگیوں کا انحصار بات چیت پر ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات