قومی کھیل کے فروغ اور بہتری کیلئے لاہور کے بعد اسلام آبادمیں خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کھول دی گئی

اتوار 3 دسمبر 2023 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) قومی کھیل کے فروغ اور بہتری کے لیے لاہور کے بعد وفاقی دارالحکومت میں خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کھول دی گئی۔اکیڈمی کا پہلا تربیتی سیشن یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سویٹ ہومز کے تعاون سے منعقد ہوا۔سابق انٹرنیشنل امپائر سہیل اکرم جنجوعہ کو اسلام آباد خواجہ جنید اکیڈمی کا ڈائریکٹر ٹریننگ آپریشنز مقرر کر دیا گیا ہے،یہ اکیڈمی 8 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کو ہفتے میں دو دن کوچنگ فراہم کرے گی، انہیں مفت کوچنگ کے ساتھ ساتھ ہاکی سٹکس اور کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا کہ سویٹ ہومز کے بچوں کو قومی کھیل کی طرف راغب کرنا بہت اچھا اقدام ہے، یہ بچے پاکستان کے بچے ہیں اور ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،خواجہ جنید اکیڈمی ہاکی کے ذریعے بچوں کو ہاکی سکھانے کے ساتھ ان کی تعلیم و تربیت پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

سویٹ ہومز کے بچوں کو بھی ایک دن اچھے کھلاڑی بن کر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا، ہمارا مقصد ہاکی کے ذریعے بچوں کی زندگیوں میں انقلاب لانا ہے۔

لاہور کے بعد اب بچوں کو ہاکی میں لانے کے لیے اسلام آباد کا رخ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اسپورٹس بورڈکی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے بے حد مشکور ہیں۔اولمپیئن خواجہ جنید نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور اب قومی کھیلوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہر اولمپئن نیک نیتی کے ساتھ گراؤنڈ میں آئے اور بچوں کو ہاکی سکھائے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک بار پھر ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔