آئندہ الیکشن کیلئے پارٹی پیپلز پارٹی بھرپور طاقت کیساتھ میدان میں اتر چکی ہے،راجہ پرویزاشرف

گوجر خان کی تعمیر وترقی مشن ہے جس کو پایا تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،سپیکرقومی اسمبلی کاخطاب

اتوار 3 دسمبر 2023 21:45

گوجر خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی اور جمہوری پارٹی ہے اور عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے،آئندہ الیکشن کیلئے پارٹی پیپلز پارٹی بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں اتر چکی ہے،گوجر خان کی تعمیر وترقی مشن ہے جس کو پایا تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اتوارکوسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گوجر خان کے گائوں کھرالی بنگیال یونین کونسل کونتریلہ میں کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقع پر راجہ جاوید اشرف، خرم پرویز راجہ، چوہدری اعظم پرویز، چیئرمین عرفان عزیز ، شبیر شاہ ایڈووکیٹ بھی ہمراہ موجود تھے۔ کارنر میٹنگ میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو چھوڑ کر بڑی تعداد میں زعما نے اپنی برادریوں کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی اور جمہوری پارٹی ہے اور عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے زعما کو دل و جان سے خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے شامل ہونے والے کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن کیلئے پارٹی پیپلز پارٹی بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں اتر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی تعمیر وترقی ان کا مشن ہے جس کو پایا تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔