کراچی: سردی میں مزید اضافے سے درجہ حرارت میں کمی

رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، محکمہ موسمیات

پیر 4 دسمبر 2023 13:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) شہر میں خنکی/سردی میں مزید اضافہ ہونے سے درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 2.4 ڈگری گرگیا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اور رات میں موسم خنک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ بھر میں دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

صبح کے وقت صوبے کے میدانی علاقوں میں دھند کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو کم سے کم پارہ 15.1 ڈگری ریکارڈ کیا جبکہ جناح ٹرمینل پر کم سے کم درجہ حرارت 13.8 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہوائوں کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جس میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکوسب سے کم درجہ حرارت موہنجودڑو میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔