وڈھ و گردونواح میں 5.5شدت زلزلے کے جھٹکے

لوگوں میں خوف وہراس، کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے

پیر 4 دسمبر 2023 21:35

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) خضدار کے علاقے وڈھ اور گردونواح میں 5.5شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کاورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے وڈھ اور گردونواح میں 5.5شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، زلزلے کا مرکز خضدار سے 160کلومیٹر دور جبکہ گہرائی 60کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

زلزلوں کے جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے خبردار کیا ہے کہ مکران کے جنوب میں 50کلومیٹر دور زیرسمندر ٹیکٹونک پلیٹس جنکشن سے اطراف کے علاقوں میں زلزلہ اور سونامی کسی بھی وقت آسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ بحیرہ عرب میں زلزلے کے ممکنہ خطرات موجود ہیں تاہم ممکنہ خطرات کے پیش نظر زلزلے کی حتمی پیشگوئی ممکن نہیں۔سردار سرفراز نے بتایا کہ ماضی میں بھی اس علاقے میں 8شدت کازلزلہ آچکا ہے، ایسا زلزلہ دوبارہ آنے پر کراچی بھی سونامی سے متاثر ہوسکتا ہے۔