ہرمسلمان حرمت رسول پر اپنی جان قربان کرنے کیلئے تیار ہے،عامر عبدالغفار لون

منگل 5 دسمبر 2023 20:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2023ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) میں زیر تعلیم ایک بھارتی طالب علم کی جانب سے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیا۔

انھوں نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعظیم و تکریم ہر ایک مسلمان کو اس کی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس طرح کے گستاخانہ بیانات کو ہم کشمیری مسلمان ہرگز برداشت نہیں کریں گے انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک گھنا?نا جرم ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی ایک دانستہ سازش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان امن پسند ہیں لیکن جب دین اسلام اور نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کی بات آتی ہے تو ہر مسلمان اس پر اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانان جموں وکشمیر اپنے دین، قرآن، مساجد و مدارس اور اسلامی شعائر پر ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کیخلاف شدید ترین مزاحمت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ہندوتوا بھارتیہ جنتاپارٹی نے پورے بھارت میں اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نفرت کے بیج بوئے ہیں اور مودی کے دور حکومت میں اسلامی شعائر پر حملہ آور ہندوتوا تنظیموں کی براہ راست سرپرستی کی جارہی ہے۔انہوں نے بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اسلام دشمنی اور نفرت کی اپنی سیاست کو ریاست جموں وکشمیر میں منتقل کرنے کی سازشوں سے باز رہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کا ہر مسلمان حرمت رسول پر اپنی جان قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔