بغیر ریڈنگ ایک دو کمروں پر مشتمل چھوٹے مکانات کو ہزاروں روپے کے بل بھیجنے کا مقصد غریبوں کو خودکشی پر مجبور کرنے کے مترادف ہے،مولانا عبد الرحمن رفیق

منگل 5 دسمبر 2023 20:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2023ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد ہاشم خیشکی شیخ مولانا عبد الاحد محمدحسنی مولانا محمد اشرف جان مفتی غلام نبی محمدی مفتی عبد السلام رئیسانی مولانا محمد ایوب حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار حافظ سید سعداللہ آغا حاجی ولی محمدبڑیچ حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ حافظ سراج الدین مولانا جمال الدین حقانی میر فاروق لانگو مفتی نیک محمد فاروقی مولانا حافظ سردار محمد نورزئی حاجی صالح محمد مولانا محمد طاہر توحیدی مولانا محمد عارف شمشیر ملک نصیر احمد ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ گیس کے فرضی بھاری بھرکم بلوں کا عدلیہ نوٹس لے۔

(جاری ہے)

بغیر ریڈنگ ایک دو کمروں پر مشتمل چھوٹے مکانات کو ہزاروں روپے کے بل بھیجنے کا مقصد غریبوں کو خودکشی پر مجبور کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کیسکو کو لگام دے، بجلی چور ان کی چھتری تلے پل رہے ہیں ،غیر قانونی طریقے سے غریب عوام کو ہراساں کرنے کی بجائے ان مافیاز کے خلاف کاروائی کریں جو کروڑوں روپے کے نادہندہ ہیں، انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اوور بلنگ کی وجہ سے لوگ شدید کرب میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

،ظالمانہ طریقے سے عوام کو لوٹنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ، ایک طرف لوڈ شیڈنگ اور دوسری طرف بھاری بھرکم بلوں نے سکون چھین لیا ہے۔ لیسکو کی ناک کے نیچے کروڑوں روپے کے نادہندہ مگر مچھ پل رہے ہیں مگر نزلہ کوئٹہ کے غریب عوام پر گررہا ہے ، جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بجلی وگیس لوڈشیڈنگ اور بھاری بھرکم بلوں، اور واپڈا اور کیسکو کی جانب سے زیادتیوں کے خلاف اب مزید خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل پانی کی عدم دستیابی ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری بھرکم بلوں پر بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے گیس وبجلی بلوں میں اضافے ناجائز ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے، جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ عوامی مسائل پر چشم پوشی کو گناہ سمجھتے ہوئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا گیس کمپنی کے ظالمانہ طرز کے خلاف کوئٹہ کے عوام کو بڑی تحریک کیلئے اٹھنا ہوگا۔