سعودی عرب میں موسلادھار بارشوں کا نیا الرٹ جاری

مملکت میں کئی علاقوں میں جمعہ تک موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور گرد و غبار کے طوفان کا امکان، کچھ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 دسمبر 2023 00:03

سعودی عرب میں موسلادھار بارشوں کا نیا الرٹ جاری
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2023ء) سعودی عرب میں موسلادھار بارشوں کا نیا الرٹ جاری، مملکت میں کئی علاقوں میں جمعہ تک موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور گرد و غبار کے طوفان کا امکان، کچھ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع نے بدھ سے جمعے تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک اور بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔

شہریوں کے نام جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری اور غیرملکی بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔ سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ایسے مقامات پر جہاں پانی کا پانی جمع ہوجاتا ہے تیراکی کا شوق بھی نہ کریں۔

(جاری ہے)

مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ بارش کے ساتھ گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ رابغ اور الکامل بھی آندھی اور بارش کی زد میں ہوں گے۔ مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجن کا بھی بارش، ژالہ باری اور گردو غبار والی تیز ہواوں سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ مکہ شہر، جدہ، طائف، الجموم اور اللیث سمیت متعدد کمشنریوں، حائل، باحہ، عسیر اور جازان ریجنوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے درمیانے درجے تک کی بارش متوقع ہے۔

اس تمام صورتحال میں سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعرات کو سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر کی آمد پر جہاں دنیا کے بیشتر ممالک میں موسم سرد ہو چکا، وہیں گرم موسم کے لیے مشہور سعودی عرب کے شہریوں کو بھی غیر معمول سرد موسم کی نوید سنائی گئی ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے رواں سال موسم سرما کے دوران مملکت میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال موسم سرما کے دوران مملکت میں دیگر برسوں کے مقابلے میں زیادہ اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق اس سال سعودی عرب میں موسم سرما میں اوسط درجہ حرارت معمول سے ڈیڑھ ڈگری سے دو ڈگری تک زیادہ رہے گا۔ مملکت کے بیشتر علاقوں میں یہی صورتحال ہوگی۔ اسی باعث اس سال موسم سرما میں بارش معمول سے زیادہ ہوں گی۔ خصوصاً دسمبر میں بارش کا تناسب 50 فیصد تک زیادہ ہو سکتا ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما میں مملکت کے شرقیہ ریجن، قصیم، مدینہ اور حائل میں خاص طور پر زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران زیادہ بارشوں والے علاقوں میں سردی کی شدت غیر معمولی رہ سکتی ہے۔