لطیف کھوسہ اور بشری بی بی کی آڈیو لیک کیس میں ایف آئی اے کو آڈیو کے فرانزک کا حکم

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت نے لطیف کھوسہ اور بشری بی بی کی آڈیو لیک کیس میں ایف آئی اے کو آڈیو کے فرانزک کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ سب سے پہلے آڈیو کہاں سے جاری ہوئی،عدالت نے ایف آئی اے، پیمرا اور پی ٹی اے کوجواب کیلئے بھی نوٹسز جاری کر دیے،عدالت نے درخواست پر عائد اعتراضات بھی ختم کر دیے۔

جمعرات کے روز سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیاکہ درخواست پر رجسٹرار آفس کا کیا اعتراض ہے؟جس پر لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ اعتراض ہے کہ الگ درخواست دائر کریں، متفرق درخواست کیسے کر سکتے ہیں،آڈیو لیکس کیس میں متفرق درخواست دائر ہوسکتی ہے، وکیل اور موکل کے درمیان گفتگو پر استحقاق ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیاکہ آڈیو کون ریکارڈ کر رہا ہے؟ مفروضے پر تو نہیں چل سکتے،جسٹس بابر ستار نے استفسار کیاکہ کیا آڈیو سوشل میڈیا پر آئی ہے؟ جس پر لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ آڈیو تمام ٹی وی چینلز نے نشر کی، جسٹس بابرستار نے کہاکہ سب سے پہلے ٹوئٹر پر آئی یا کہیں اور؟یہ معلوم ہوجائے ریلیز کہاں ہوئی ہے تو پتا چل سکتا ہے ریکارڈ کس نے کی ۔

عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کےساتھ مزید سماعت 11 دسمبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔