مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی آر بحال کرنے کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی

جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 15 دسمبر کو اپیل پر سماعت کرے گا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 8 دسمبر 2023 11:03

مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی آر بحال کرنے کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کر ..
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2023ء ) سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی آر بحال کرنے کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 15 دسمبر کو اپیل پر سماعت کرے گا، اس حوالے سے سپریم کورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی جاری کر دیا۔ سپیشل جج سنٹرل لاہور نے مونس الہٰی کیخلاف ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کر دیا تھا اور لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی آر خارج کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کیخلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ علاوہ ازیں نیب نے چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی سمیت دیگر کیخلاف گجرات ٹھیکوں میں کک بیکس کی تحقیقات مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

نیب نے 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا ریفرنس عدالت میں دائر کر دیا۔ ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے مونس الہٰی کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ریفرنس کے مطابق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی سمیت دیگر ملزمان قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ پرویز الہٰی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کک بیکس اور رشوت وصول کی۔ مونس الہٰی کے سیکرٹری سہیل اعوان اور دو سابق سرکاری ملازمین پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں